مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری

نیویارک(ویب ڈسک) مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جاری ہے جس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خط پر بحث کی جارہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یک طرفہ بدلنے کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوا۔

مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تحریر کردہ خط کے بعد بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں صرف سلامتی کونسل کے ارکان شریک ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت کونسل کے رکن نہ ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔

بند کمرے میں ہونے والے اجلاس میں جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خط کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی کا سلامتی کونسل میں ہونے والے اجلاس کے حوالے سے کہنا ہے کہ دیکھنا یہ ہے کہ سلامتی کونسل اپنی ذمے داری کیسے ادا کرتی ہے؟ جب کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پُرامید ہیں سلامتی کونسل کشمیر کے مظلوم عوام کی مشکلات کا حل نکال لے گی۔

واضح رہے کہ 5 دہائیوں میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر آیا ہے۔ اس سے قبل سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر آخری بار 1971ء میں زیر بحث آیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *