سلامتی کونسل کو بھارتی ہتھکنڈوں کا نوٹس لینا ہوگا، ملیحہ لودھی

نیویارک (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو بھارت کے غیرقانونی ہتھکنڈوں کا نوٹس لینا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو درپیش مشکلات کا حل نکالے گی۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ اور ترک نشریاتی ادارے ’ٹی آرٹی‘کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل میں پاکستانی مؤقف سنا جارہا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اراکین سلامتی کونسل اپنی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیر پر بحث کریں گے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان امن جب کہ بھارت بدامنی اور کشیدگی کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام عالم اب کشمیر میں ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت، مقبوضہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے عالمی اقدار اور انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی اقدامات نے خطے میں خطرناک صورتحال پیدا کردی ہے۔

ایک سوال پرڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پوری وادی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگانا ہی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ بھارتی اقدامات غیر قانونی ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ جب بھی کرفیو اٹھا کشمیری عوام بھارت کووہاں سے نکل جانے کا کہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *