پائلٹ نے انجن بند ہونے کے باوجود طیارہ کھیتوں میں اتار دیا

ماسکو (ویب ڈیسک) انجن بند ہونے کے باوجود روسی پائلٹ نے کامیابی سے کھیتوں میں طیارہ اتار کر سب کو حیران کر دیا۔

روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورال ایئرلائنز کی پرواز 226 مسافروں اور سات عملے کے افراد کو لے کرماسکو کے ہوائی اڈے سے کریمیا کے لیے اڑی تو ایک کلومیٹر دور پرندوں کا جھنڈ طیارے کے دونوں انجن میں پھنس گیا جس کے باعث انجن بند ہوگئے اور لینڈنگ گیئر بھی خراب ہو گیا۔

پائلٹ دمیر یوسوپوف نے ان تمام رکاوٹوں کے باوجود طیارہ کامیابی سے کھیتوں میں اتار دیا، وزارت صحت کے مطابق ایمرجنسی لینڈنگ میں 23 افراد زخمی ہوئے جن میں نو بچے شامل ہیں۔

روس کے سرکاری ٹیلی وژن نے اس کارنامے کو معجزاتی قرار دیتے ہوئے پائلٹ کو ہیرو کا خطاب دے دیا۔

ایک مسافر کا کہنا ہے کہ اڑنے کے تھوڑی دیر بعد طیارے نے شدید جھٹکے کھانے شروع کر دیے اور جلنے کی بو آنے لگی، پھر طیارے نے لینڈنگ کی اور ہم سب باہر نکل کر بھاگ کھڑے ہوئے۔

اس موقع پر کئی لوگوں کو 2009 کا وہ واقعہ یاد آ گیا جب امریکی پائلٹ نے ہنسوں کے جھنڈ سے ٹکرانے کے بعد اپنا طیارہ دریائے ہڈسن میں اتار دیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *