کراچی میں شدید بارش کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال

کراچی(این اے) شہر قائد میں گزشتہ رات سے ہونے والی شدید بارش کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز سے جاری موسلا دھار بارش نے شہر قائد میں نظام زندگی درہم برہم کردیا، بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی ہے اور شہر کا برا حال ہے، کئی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئی ہیں اور نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

اورنگی ٹاؤن کے بیشتر علاقے زیر آب آنے کے باعث سیلابی صورتحال  کا سامناہے جب کہ شہریوں نے پاک فوج سے مدد کا مطالبہ کیا ہے، منظور کالونی میں بھی نالا اوور فلو ہونے کے باعث رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ گجر نالے کا پانی ایف سی ایریا کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

کراچی کے علاقے صدر زیب النسااسٹریٹ کی مارکیٹوں میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے اور الیکٹرانک مارکیٹ بھی زیرآب آگئی ہے جب کہ سڑکوں سے ریسکیو ٹیمیں غائب ہیں۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے کراچی میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا مشورہ دیا ہے، ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہورہا ہے اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کئی جگہوں پر بجلی بند کردی گئی ہے، سیلابی پانی کے باعث تکنیکی عملے کو شدید دشواری کا سامنا ہے اور بجلی کی کچھ تنصیبات سیلابی پانی سے متاثر ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق سولجر بازار اور منگھوپیر سمیت دیگر مقامات پر اندرونی نوعیت کے کرنٹ لگنے کے حادثات پیش آئے، موسیٰ لین اور کھارادر کے علاقوں میں کنڈوں اور ہینگنگ لائٹس سے کرنٹ لگنے کی رپورٹس آئیں، کنڈوں اور سیلاب کے باعث کچھ مقامات پر عارضی بجلی بند کی گئی ہے جب کہ صدر، گلشن، جوہر، ٹاور اور نارتھ کراچی کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جام صادق پُل، کاز وے ندی اور قیوم آباد کا دورہ کیا اور ریسکیو کا کام تیز کرنے کے لیے کمشنر کو ہدایت کی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے پُل کے ٹکڑے پر پھنسے 5 لوگوں اور موٹر سائیکل کو نکالنے کے لیے ایدھی کی بوٹس بھی منگوا لیں۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کا بارش دینے والا سسٹم سمندر کی جانب مڑنا شروع ہوگیا ہے، سسٹم کا بڑا حصہ شہر کی فضاؤں پر موجود ہے اور آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مذید بارشیں متوقع ہے، مون سون سسٹم کے اثرات آج رات تک تیز بارشوں کی شکل میں برقرار رہ سکتے ہیں، سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں پیر کی سہ پہر تک معتدل اور ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *