سندھ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی,نوابزادہ محمدتیمور تالپور

کراچی(این اے) صوبائی وزیر انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ایس اینڈ ٹی) نوابزادہ محمد تیمور تالپور نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور جن نوجوانوں نے اپنی محنت سے کوئی پروجیکٹ بنایا ہے اس کو مارکیٹ میں لانے میں ہر ممکن مدد کریں گے‘ وہ آج آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ہال میں نوجوانوں کی جانب سے پریذنٹیشن دینے کے پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوا ہوں اور میں ان کی کاوشوں کو آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کروں گا انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ان کے پروجیکٹ کی جس حد تک مدد اور حوصلہ افزائی کرسکتی ہے کرے گی۔ اس موقع پر نوجوانوں نے اپنے پروجیکٹس سے متعلق آگاہی دی۔ گونگے بہروں سے متعلق پروجیکٹس بنانے والوں نے کہا کہ معاشرے کے ان لوگوں کو اگر کسی مریض کیلئے ایمبولینس منگوانی ہو تو اسے انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ہم نے کال سینٹر بنایا ہے جہاں ان لوگوں کی کال کو سن کر ہم ایمبولینس سروس کو ان لوگوں سے متعلق تمام اہم معلومات دیتے ہیں جسے سن کر وہ ان کی مدد کرتے ہیں اسی طرح اگر پولیس کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے تو ہم اس کے متعلق بھی پولیس کی ای سروس کو بتاتے ہیں جس کی وجہ سے پولیس ایسے لوگوں کی مدد کرتی ہے۔اسی طرح پورٹیبل ہاؤسنگ پروجیکٹ بنانے والے نوجوان نے بتایا کہ وہ سستے مکانات صرف 3 گھنٹوں میں بناتے ہیں جس سے غریب علاقے کے لوگوں کو بیحد فائدہ ہوتا ہے کیونکہ کم قیمت اور کم وقت میں یہ مکانات بن جاتے ہیں۔زراعت سے متعلق پروجیکٹ بنانے والے نوجوانوں نے بتایا کہ ہم نے ایسے ڈرون بنائے ہیں جو زمین میں موجود پانی سے متعلق معلومات دیتے ہیں کہ کس علاقے میں اور کتنی گہرائی میں پانی موجود ہے۔مستقبل میں اس سے زراعت کو بیحد فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے ایڈوائزر سید زین العابدین شاہ‘سیکریٹری آئی ٹی علی بہادر قاضی‘ ڈی جی آئی ٹی محمد یوسف اور آئی ٹی کے دیگر افسران موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *