وزیراعظم عمران خان کامیاب دورہ امریکہ کے بعد آج رات وطن پہنچیں گے

اسلام آباد (این اے) وزیر اعظم عمران خان امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد پاکستان واپسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم رات ڈیڑھ بجے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کامیاب دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے۔

وطن روانگی سے قبل واشنگٹن ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر اور امریکی حکام نے وزیراعظم عمران خان کو الوادع کہا۔

دورے کے آخری روز عمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور کیپیٹل ہل میں اسپیکر کانگرس نینسی پلوسی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم اور  امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم نے مائیک پومپیو کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور مدارس اصلاحات سے آگاہ کیا۔

اس سے قبل واشنگٹن میں کیپٹل ہل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے امریکہ کو کبھی زمینی حقائق سے آگاہ نہیں کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو بتایا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کی ہیں، دونوں ممالک کا مقصد خطے میں امن ہے، مسئلہ افغانستان پیچیدہ اور مشکل عمل ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو خطے کی صحیح صورت حال سے آگاہ کیا، امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے ڈو مور کہا، ہم خود دفاعی پوزیشن میں ہیں ہم سے ڈومور کا مطالبہ کیسے کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیائی لحاظ سے دنیا میں اہم مقام حاصل ہے، فوج  سمیت تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کے لئے کردار اد ا کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *