محسن کی حقیقت نکاح والے دن کھل گئی تھی

کراچی (این اے) میڈیا رپورٹس کے مطابق فاطمہ سہیل نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ محسن کی اصل حقیقت نکاح والے دن ہی کھل گئی تھی، نکاح والے دن شادی کے اسٹیج پر اس کا رویہ اچانک بدل گیا تھا، اُس وقت مجھے احساس ہوا کہ اس نے مجھ سے پرانا بدلہ لینے کے لیے شادی کی ہے۔

فاطمہ سہیل نے بتایا کہ محسن شادی والے دن مسلسل میرے خاندان والوں کو ذلیل کر رہا تھا، دوسرے روز بھی اُس نے میرے رشتہ داروں کی بے عزتی کی میری بہن وہاں سے روتے ہوئے گئی اور شادی کے تین روز بعد ہی اس نے میرے منہ پر تھپڑ بھی مارے، دعا ملک اس بات کی گواہ ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میرے سسرال والے بجائے محسن کو سمجھانے کے، مجھے سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ محسن کا غصہ تھوڑا الگ ہے اور اب آپ کو یہ برداشت کرنا پڑے گا۔ فاطمہ نے کہا کہ میرا شوہر مجھے چھری سے ڈراتا تھا کہ اپنے والدین سے نہیں ملنا اس لیے میں نے چھ ماہ تک ظلم برداشت کیے، میں اپنے خاندان والوں کا فون بھی نہیں سن سکتی تھی۔

فاطمہ نے کہا کہ میرے والدین نے میری مدد کی لیکن سسرال والوں نے میرا بالکل بھی ساتھ نہیں دیا اور کہا کہ چونکہ میں نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اس لیے مجھے اکیلے ہی برداشت کرنا پڑے گا، اور میں نے شروع میں برداشت بھی کیا کیوں کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ تماشا بنے۔

واضح رہے کہ لاہور پولیس نے اداکار و گلوکار محسن عباس کے خلاف ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکیاں اور امانت میں خیانت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

پولیس نے ایف آئی آر میں محسن عباس کے کسی خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کا معاملہ گول کردیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *