قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز

پشاور(این اے) خیبرپختونخوا میں شامل ہونے کے بعد قبائلی علاقہ جات کی تاریخ میں پہلی بار آج صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لئے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

 سخت سیکبورٹی انتظامات میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہے گا، پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہے۔

دوسری جانب ضلع باجوڑ میں انٹرنیٹ سروس معطل ہو گئی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے، نتائج واٹس ایپ پر فراہم کیے جائیں گے۔

عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ خواتین کی 22، اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں ہیں۔

16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 554 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ انتخابات کیلئے  28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے ہیں۔

گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کے نتائج واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔

انہوں نےکہا کہ قبائلی اضلاع کی صوبائی نشستوں پر پہلی بار انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ قبائلی اضلاع کے انتخابات کے لیے 8 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور 16 ریٹرننگ افسران تعینات ہوں گے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا تھا قبائلی اضلاع میں میڈیا اور سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

ڈی جی الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے بتایا کہ انتخابات کی مانیٹرننگ کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، خیبرپختونخواہ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *