غلاف کعبۃ تین میٹر بلند کردیا گیا

مکہ (ویب ڈیسک) الحرمین الشریفین کے امور کی انتظامیہ کی جانب سے آج جمعے کے روز غلافِ کعبہ (کِسوہ) کے نچلے حصّے کو زمین سے 3 میٹر بلند کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بلند کیے جانے والے حصّے کو چاروں طرف سے سفید کاٹن کے کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا جس کا عرض دو میٹر کے قریب ہے۔
حج سیزن کے بعد غلاف کو اس کی پرانی حالت پر کر دیا جاتا ہے۔

کِسوہ کو زمین سے بلند کرنے کے اقدام کا مقصد غلاف کعبہ کی صفائی برقرار رکھنا اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ اس لیے کہ حج سیزن میں حجاج کرام کی ایک بڑی تعداد غلاف کعبہ کو چُھونے اور اس سے لپٹنے کی خواہش مند ہوتی ہے جس کے نتیجے میں غلاف کو کچھ نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔


مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے غلاف کعبہ کے نچلے حصے کو بلند کرنے کی کارروائی سے متعلق تصاویر پوسٹ کی ہیں۔
