پاکستان کا انگلینڈ کو فتح کے لیے 349 رنز کا ہدف

کراچی ( ویب ڈیسک)کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے چھٹے میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کیلیے 349 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ورلڈکپ 2019 کے افتتاحی میچ میں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم اپنے دوسرا میچ انگلینڈ کے خلاف ناٹھنگم میں کھیل رہی ہے جس میں انگلش کپتان اون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو 82 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا، فخرزمان 36 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے اور امام الحق بھی 44 رنز بنانے کے بعد معین علی کا ہی شکار بنے۔

بابراعظم اور محمد حفیظ نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، بابراعظم 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان سرفراز احمد نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 55 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ آصف علی صرف 14 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، وہاب ریاض 4 اور شعیب ملک 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس ووکس نے 3،3 جب کہ مارک ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *