ٹیکس جمع نہ کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کیجائےگی

اسلام آباد(این اے) انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے دی گئی مہلت کا آج آخری دن ہے جس کے بعد انہیں جمع نہ کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 2 اگست کے بعد 9 اگست تک توسیع کا مقصد تھا کہ زیادہ سے زیادہ افراد فائدہ اُٹھا سکیں اور گوشوارے جمع کرا دیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مالی سال 2018 کے گوشوارے  9 اگست تک جمع کرائےجاسکتے ہیں۔ گوشوارے جمع کرانے کے لیے پہلے 2 اگست تک مہلت دی گئی تھی تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے اس میں 9 اگست تک توسیع کی گئی۔ توسیع کا مقصد انفرادی اور کاروباری افراد اور کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا تھا۔

ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 17 لاکھ تھی۔ اس سال ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ 2اگست تک دی گئی مہلت کے دوران ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے بوجھ کے باعث ایف بی آر کی ویب سائٹ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ایف بی آر ذرائع نے  بتایا کہ وفاقی حکومت  اور ایف بی آر معیشت کو دستاویزی شکل میں لانے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ مییں لانے  کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے حکومت نے غیر اعلانیہ اثاثوں کو ظاہر کرنے  اورکالا دھن سفید کرنے کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا جس سے ہزاروں لوگوں نے فائدہ اُٹھایا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *