بھارت کا وادی نیلم پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف

راولپنڈی (ویب ڈیسک) بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جس کے نتیجے میں چار سالہ بچے سمیت دو افراد شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ہدف بنایا۔

بھارتی فوج ایل او سی پر کلسٹر ایمونیشن کے ذریعے شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ایسا کرنا جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات نیلم ویلی پر کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا۔

بچوں اور خواتین سمیت معصوم شہریوں پر آرٹلری کے ذریعے کلسٹر ایمونیشن پھینکا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی سے چار سالہ بچے سمیت 2شہری شہید اور 11 شدید زخمی ہوئے۔

کلسٹر ایمونیشن کا استعمال بھارتی جنگی جنون کا غماز ہے اور اس کا استعمال ممنوع ہے، عالمی برادری بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ رواں سال بھارت نے اب تک 1824 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں 16 افراد شہید 105 زخمی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال نے اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *