کوئٹہ میں دھماکا: ایڈیشنل ایس ایچ او سٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور30 زخمی

ِکوئٹہ (نیوزالرٹ) کوئٹہ کے میزان چوک کے قریب سٹی تھانہ کے سامنے دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ترجمان سول اسپتال کوئٹہ وسیم بیگ کے مطابق سول اسپتال میں 30 سے زائد زخمی افراد کو منتقل کیا گیا جس میں سے 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جاں بحقجس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او سٹی تھانہ شفاعت سمیت 4 افراد جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت انتہائی نازک ہے۔ دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جس کے ذریعے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، دھماکہ اس وقت ہوا جب علاقہ میں رش تھا اور لوگ عید کی خریداری میں مصروف تھے۔

دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ کوئٹہ کے سول اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو فوری طلب کر لیا گیا تھا۔

آئی جی بلوچستان کے مطابق دہشتگردوں کا نشانہ پولیس کی گاڑی تھی جو شہریوں کی حفاظت کے لیے موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال  خان اور صوبائی کابینہ نے کوئٹہ دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشتگردی کے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔

اس سے قبل 23 جولائی کو بھی کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر دھماکہ میں 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *