رحیم یار خان:مسافر ٹرین مال گاڑی سے جا ٹکرائی، 11 افرادجاں بحق

رحیم یار خان (این اے) عینی شاہدین کے مطابق حادثہ صبح لگ بھگ سوا چار بجے  اسوقت پیش آیا جب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی کے عقب سے ٹکرائی۔ اکبر ایکسپریس کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں ،11افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ ٹریفک پولیس اور پولیس کے دیگر ونگز نے بھی اپنے فرائض سرانجام د یے۔ ڈی پی او عمر سلامت، ڈی سی جمیل احمد جمیل بھی جائے حادثہ   پر آگئے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ضلع کے مختلف علاقوں سے ایمبولینسسز جائے حادثہ پہنچ گئیں  ۔ ٹرین حادثہ میں زخمیوں کو ٹی ایچ کیو صادق آباد اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کردیا گیا۔

پولیس، ریسکیو ،مقامی افراد و دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال صادق آباداور شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ ڈی پی او عمر سلامت کی جانب سے زخمیوں کی جانیں بچانے کے لیے عوام الناس سے خون عطیات دینے کی اپیل کی گئی ۔

ریلوے ٹریفک کو ریلوے حکام کنٹرول کر رہے ہیں۔ حادثہ کا شکار اکبر ایکسپریس کے مسافروں کیلئے متبادل انتظام کردیاگیاہے۔ مسافروں کو بزنس ایکسپریس کے ذریعے روہڑی کیلئے روانہ کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرین کے ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کیلئے ہیوی مشینری استعمال کی جارہی ہے ۔مسافروں کو کھانا اور پانی فراہم کررہے ہیں ،حادثہ سگنل تبدیل نہ کرنے کے باعث پیش آیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیاہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ حادثے کا شکار خاندانوں سے اظہار ہمدری کرتاہوں اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ہدایت کردی ہے کہ دہائیوں سےغفلت کاشکار ریلوے انفرااسٹکچرکی دیکھ بھال اور بہتری کےلیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ مسافروں کی جان ومال محفوظ بنایا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *