آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس:حمزہ شہباز کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا

لاہور(این اے) قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی  حمزہ شہباز کو آج آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور کے  حکام حمزہ شہباز کو نیب آفس سے احتساب لائیں گے۔حمزہ شہباز کی جانب سے انکے وکیل امجد پرویز ،سلمان اسلم بٹ پیش ہونگے۔

نیب نے حمزہ شہباز کو 11 جون کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز ، منی لانڈرنگ اور غیرقانونی اثاثے بنانے کے الزامات ہیں۔

حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پرعدالت کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں راستوں کو کنٹینرز اور خارداریں تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے حمز ہ شہباز کا منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں چودہ روزہ ریمانڈ منظور کیا تھا۔

نیب کے تفتیشی افسر نے لاہور کی احتساب عدالت کو بتایا تھا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے حوالے سے ریکارڈ حاصل کر رہے ہیں۔ ایف بی آرسے ریکارڈ لیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز کے خاندان کے 2005 میں پانچ کروڑ کے اثاثے تھے جن میں کئی گنا اضافہ ہوا اورذرائع نہیں بتائے گئے۔

تفتیشی افسر نے مزید کہا کہ ایف بی آرکے پاس حمزہ کے 2006 سے 2009 تک اثاثوں کی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ حمزہ شہباز نے پانچ نئی کمپنیاں اس عرصے میں بنائیں جن میں انیس کروڑ کا سرمایہ لگایا گیامگر سرمایہ کے ذرائع نہیں بتائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہبا زنے مدنی ٹریڈنگ، مدینہ کنسٹرکشن، شریف پولڑی فارمز، شریف ڈیری فارمزنامی کمپنیاں بنائیں۔ حمزہ شہباز کے بنک اکاؤنٹ میں 18 کروڑ امریکی ڈالر منتقل ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *