ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 228 رنز کا ہدف دیا ہے۔

لیڈز:  ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 228 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

لیڈز میں کھیلے جارہے کرکٹ ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں افغانستان کے ٹیم کے کپتان گل بدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو گل بدین نائب اور رحمت شاہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے پانچویں اوور میں گل بدین کو 15 رنز پر پویلین بھیج دیا اور اگلی ہی گیند پر ہشمت اللہ شہیدی کو بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔

رحمت شاہ اور اصغر افغان نے پاکستانی بولرز کو خوب پریشان کیا، رحمت 43 گیندوں پر 35 اور اصغر افغان 35 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام اللہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، محمد نبی صرف 16 رنز ہی بناسکے اور راشد خان 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 ، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے وقت بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے لیکن ٹاس کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا تاہم ہماری بولنگ لائن اچھی ہے اور ہم افغانستان کو کم سے کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے جب کہ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

افغانستان ٹیم کے کپتان گل بدین نائب نے کہا کہ اچھا ٹوٹل بناکر پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گےاور پاکستان کو ہرانے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *