آرمی چیف نے عید ایل او سی پر جوانوں کے ساتھ منائی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید لائن آف کنٹرول پرموجود جوانوں کے ساتھ گزاری۔ اس موقع پر کمانڈر راولپنڈی کور لیفٹیننٹ جزل بلال اکبر بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔
آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر مامور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور اس دوران امن، قومی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سپاہی کی عید اس کا یہ فخر ہے کہ وہ یوم تہوار پر بھی فیملی سے دور دفاع وطن کے مقدس فریضہ میں مصروف ہے۔ وطن کے محافظوں کا پہلا خاندان پاکستانی قوم ہےجبکہ گھروں میں موجود خاندان بعد میں ہے۔
دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے سے متعلق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں سالانہ اضافہ نہ لینے کا فیصلہ قوم پر احسان نہیں، ہم ایک ہیں اور یہ اقدام ہر قسم کے حالات میں یکجہتی کے عزم کا اعادہ ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ بجٹ کٹوتی کو خطرات کے خلاف دفاعی صلاحیت پر اثرانداز نہیں ہو نے دیں گے اور اسے دیگر امور میں ایڈجسٹمنٹ سے پورا کیا جائے گا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ تنخواہ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ بھی صرف افسران کا ہے، اس فیصلے کا جوانوں پر اطلاق نہیں ہوگا اور بجٹ کٹوتی سپاہیوں کے معیار زندگی پر اثرانداز نہیں ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *